Sunday 3 March 2013

گیارہویں صدی

گیارہویں صدی
شیخ مبارک بن خضر یمانی ناگوری:آپ کی تفسیر ’’منبع العیون المعانی‘‘ ہے۔ آپ کا ذکر اس کتاب میں آئے گا۔
شیخ ابو الفضل فیاضی:فاضل، ادیب، محقق اور مفسر قرآن آپ کی تفسیر ’’سواطع الالہام‘‘ بغیر نقطہ کی ’’ صنعت مہملہ میں لکھی گئی ہے۔ مفصلاً ذکر اس کتاب میں کیا گیا ہے۔
قاضی نوراﷲ شوشتری:معروف بہ ’’شہید ثالث‘‘ صاحب ’’احقاق الحق‘‘ و ’’مجالس المومنین‘‘۔ آپ کا ذکر اس کتاب میں آئے گا۔
میرزا محمدبن علی استرآبادی:عالم،فاضل اور مشہور رجالی تھے۔ آپ کی تفسیر ’’تفسیر آیات الاحکام‘‘ ہے۔ فقہی ترتیب کے اعتبار سے آیات کی تفسیر لکھی ہے۔ ۱۰۲۶ھ میں وفات ہوئی۱؎۔
میر محمد باقر میرداماد:حکیم، فلسفی، محقق، مفسر قرآن اور جامع معقول و منقول تھے۔ آپ کی تفاسیر میں ’’تفسیر سورہ توحید‘‘  ’’تفسیر سدرۃ المنتہی‘‘ مشہور ہیں۔ ان کے علاوہ فلسفہ میں گرانقدر تالیفات آپ کی یادگار ہیں۔ ۱۰۴۲ھ میں آپ کی وفات ہوئی۔
ابوالمعالی شوشتری:حکیم، متکلم، فقیہ تھے،قاضی نوراﷲ شوشتری کے فرزند تھے۔
آپ نے تفسیر ’’تفسیرسورہ توحید‘‘ لکھی۔ اس کے علاوہ ’’انموذج العلوم‘‘ آپ کی یادگار ہے۔ ۱۰۴۶ھ میںوفات ہوئی۲؎۔
ملا یعقوب بختیاری : تفسیر ’’صوافی الصافی‘‘ آپ کی یادگار ہے۔ یہ تفسیر ۱۰۴۰ھ میں مکمل ہوئی۔ مفصل تفسیر ہے۔ ۱۰۴۷ ھ میں وفات ہوئی۔
ملا صدرا شیرازی: صدر المتہالین صدرالدین شیرازی مشہور فلسفی، حکیم، محقق نابغۂ روزگار تھے۔ آپ کے فلسفی آثار کے علاوہ قرآن مجید کے متعدد سوروں کی فلسفی کلامی تفسیریں ہیں جن میں سورہ فاتحہ، بقرہ، سجدہ، حدید، اعلیٰ، طارق، نور، زلزال، واقعہ، جمعہ، یس، کافرون، شامل ہیں۱؎۔
سیدامیر معزالدین حیدرآبادی:اردستان سے حیدرآباد وارد ہوئے۔ محمد بن خاتون کے حکم سے تفسیر قرآن لکھی جو سلطان عبداﷲ قطب شاہ کے نام معنون کی۔ ’’تفسیر قطب شاہی‘‘ کے نام سے مشہور ہے۔ ماہ رجب ۱۰۴۴ھ میں مکمل ہوئی۔ ۱۰۵۸ھ میں رحلت کی۲؎
شیخ فاضل جواد:فقیہ عالیقدر، شیخ بہائی کے شاگردوں میں تھے۔ آپ کی تفسیر ’’مسالک الافہام الی آیات الاحکام‘‘ ہے۔ ۱۰۴۳ھ میں مکمل ہوئی۔ دوسری تالیف ’’غایۃ المامول فی زبدۃ الاصول‘‘ ہے۔ ۱۰۶۵ھ میں وفات ہوئی۔
شیخ عبدعلی بن جمعہ حویزی:محدث بزرگ، مفسرعالیشان، معاصر شیخ حرعاملی اور سید نعمت اﷲ جزائری کے استاد تھے۔ آپ کی مشہور تفسیر ’’نورالثقلین‘‘ ہے جو روایات ائمہ علیھم السلام کے تناظر میں لکھی گئی ہے۔ آپ ۱۰۷۳ھ میں حیات تھے۳؎۔
محمد مومن بن شاہ قاسم سبزواری:محقق، متکلم، محدث، اور مفسرقرآن تھے۔ مشہد میں قیام تھا۔ آپ کی تفسیر ’’تفسیر مشہدی‘‘ کے نام سے مشہور ہے۔ روایات ائمہ علیھم السلام کی روشنی میں لکھی ہے۔ ۱۰۷۷ھ میں وفات ہوئی۳؎۔
ملا محمد محسن فیض کاشانی:محد ث اور مفسر عظیم الشان تھے۔ آپ کی تین تفسیریں مشہور ہیں۔ تفسیر ’’الصافی‘‘ ’’الاصفیٰ‘‘ ’’المصفیٰ‘‘
تفسیر صافی روایات کی روشنی میں مبسوط تفسیر ہے۔ ’’الاصفی‘‘ تفسیر صافی کا خلاصہ ہے۔ ’’المصفیٰ‘‘ ’’تفسیرالاصفیٰ‘‘ کی تلخیص ہے۔ ۱۰۹۱ھ میں وفات ہوئی۱؎۔

No comments:

Post a Comment