Sunday 3 March 2013

دسویں صدی

دسویں صدی
کمال الدین حسین واعظ کاشفی:سبزوار کے رہنے والے تھے، تیموری دور میں زندگی گذاری۔ آپ کی تفسیر ’’المذاہب العلیۃ فی تفسیر کتاب خالق البریہ‘‘ المعروف ’’تفسیر حسینی‘‘ یہ فارسی زبان کی پہلی تفسیر ہے۔ وزیر کبیر نظام الدین امیر علی شیرنوائی کے لیے لکھی۔ ۹۱۰ھ میں وفات ہوئی۱؎۔
شرف الدین الہٰی:عالم، فاضل، جامع معقول و منقول تھے۔ آپ کی تفسیر کو ’’تفسیرالہی‘‘ اور ’’تفسیر اردبیلی‘‘ بھی کہا جاتا ہے۔ یہ تفسیر فارسی زبان میں ہے صاحب کشف الظنون کا بیان ہے کہ :
’’صفوی دور میں آپ ہی نے سب سے پہلے علوم و معارف اسلامی کے سلسلے میں فارسی زبان میں تصنیف و تالیف کیں۔‘‘
    آپ کی وفات ۹۵۰ھ میں ہوئی۲؎۔
میرابوالفتح حسینی: صاحب کتاب احسن التواریخ آپ کے بارے میں لکھتے ہیں:
’’آپ اعلم، افہم، جامع العلوم تھے اور سادات کرام میں سے تھے۳؎۔ ‘‘
آپ کی تفسیر کا نام ’’تفسیر شاہی‘‘ ہے جس میں احکام سے متعلق آیات کی تفسیر بیان کی گئی ہے۔ ۹۷۶ھ میں وفات ہوئی۔
ملا فتح اﷲ کاشانی: عالم، فاضل اور مفسرقرآن تھے۔ آپ کی تفسیر ’’منھج الصادقین‘‘ فارسی زبان میں ہے۔ قبلاً ۵ جلدوں میں ایران سے شائع ہوئی تھی۔ انتہائی معلوماتی تفسیر ہے ۔ آپ کی وفات ۹۸۸ھ کاشان میں ہوئی۔
مقدس ارد بیلی:فقیہ، محقق، مدقق اور مفسر قرآن۔ زہد و تقویٰ اور پرہیزگاری میں اشہرالناس تھے۔ عرب و عجم پر مرجعیت رکھتے تھے۔ آپ کی تفسیر ’’زبدۃ البیان‘‘ ہے۔ آیات احکام کی تفسیر پر مشتمل ہے۔ فقہی ترتیب سے آیات کی تفسیر کی ہے۔ ۱۸ ابواب پر محیط ہے۔ ۹۸۹ھ میں یہ مکمل ہوئی۔ جید علماء نے اس پر حاشیے لکھے ہیں۔ ۹۹۳ھ میں وفات ہوئی۱؎۔
محمد بن احمد خواجکی حیدر آبادی:مفسر قرآن تھے۔ ان کا ذکر مفصلاً اس کتاب میں آئے گا۔

No comments:

Post a Comment