Sunday 3 March 2013

پندرہویں صدی

پندرہویں صدی
میرزا حسن مصطفوی: آپ کی تفسیر’’تفسیر روشن‘‘ ۳۰جلدوں میں ہے، پہلی جلد ۱۴۰۸ھ میں منظر عام پر آئی جدید اسلوب کی تفسیر ہے جس کا سلسلہ ابھی جاری ہے۱؎۔
شیخ جعفر سبحانی:عالم جلیل القدر استاد سبحانی پندرہویں صدی کے عظیم مفسرین میں سے ہیں۔ آپ کی تفسیر ’’منشور جاوید‘‘ سب سے پہلی کامل تفسیر موضوعی ہے۔ ا س کی پہلی جلد ۱۴۰۱ھ میں منظر عام پر آئی۔ یہ تفسیر ۱۲جلدوں پر مشتمل ہے۔ اس کا اردو ترجمہ علامہ صفدر حسین نجفی لاہوری نے کیا ہے۔ ا س تفسیر میں توحید، نبوت، امامت، قیامت، اخلاق، تربیت جیسے موضوعات کا انتخاب کیا ہے۔ یہ عہدحاضر کی مقبول ترین تفسیر قرآن ہے۔ خداوند عالم مفسر کو طول عمر عطا فرمائے۔
شیخ ناصر مکارم شیرازی:مرجع عالیقدر، آیت اﷲ العظمی ناصرمکارم شیرازی، استاد ما، آپ کی تفسیر ’’نمونہ‘‘ ۲۷ جلدوں میں اپنی سادگی اور سلاست کی وجہ سے بہت مشہور ہے۔ اس کی پہلی جلد ۱۴۰۰ھ میں منظر عام پر آئی آپ کی دوسری تفسیر موضوعی ’’پیام قرآن‘‘ ہے جو اپنے نھج و اسلوب کے سبب انفرادیت کی حامل ہے۔ علامہ سید صفدر حسین نجفی نے دونوں تفسیروں کو اردو قالب میںڈھالا اور جامعۃ المنتظر لاہور سے شائع کیا۔
میرزا محمد ثقفی تہرانی:فقیہ، اور مفسر قرآن آقای سید ابوالحسن رفیعی کے شاگرد تھے۔ آپ کی تفسیر ’’روان جاوید‘‘ تین جلدوں میں ہے۔ پہلی مرتبہ ۱۳۸۳ھ میں شائع ہوئی۔ آپ کی وفات ۱۴۰۵ھ میں ہوئی۲؎۔
سید علی اکبر قرشی ارموی:آپ کی تفسیر ’’احسن الحدیث‘‘ ۱۲ جلدوں میں ہے۔ یہ تفسیر بنیاد بعثت تہران سے ۱۴۰۷ھ میں شائع ہوئی جدید لب و لہجہ کی تفسیر ہے۔ آپ نے چھ جلدوں میں ’’قاموس قرآن‘‘ بھی تحریر کی ہے۱؎۔
سید عبدالحسین طیب:آپ کی تفسیر ’’اطیب البیان فی تفسیر القرآن‘‘ ۱۴ جلدوں میں ہے۔ ۱۳۹۳ھ میں بنیاد فرہنگ تہران سے شائع ہوئی۲؎۔
سید ابوالقاسم خوئی:مرجع عالی قدر آیت اﷲ العظمی سید ابو القاسم خوئی (م۱۴۱۳ھ) زعیم حوزہ علمیہ نجف اشرف فقہ و اصول کے استاد الکل، علم رجال اور تفسیر میں تبحر کامل رکھتے تھے۔ آپ کی تفسیر ’’البیان فی تفسیر القرآن‘‘ ہے جو اپنے مشمولات کے اعتبار سے ممتاز حیثیت رکھتی ہے۔ عوام و خواص میں بیحد مقبول ہوئی۔ اردو، فارسی، انگریزی زبانوں میں اس کے ترجمے ہو چکے ہیں اور ساری دنیا میں لوگ اس سے استفادہ کر رہے ہیں۔ یہ تفسیر مکمل نہیں ہے اس میں مقدمہ قرآن اور سورہ الحمد کی تفسیر بیان کی گئی ہے۔ علم رجال میں آپ کی شاہکار کتاب ’’معجم رجال الحدیث‘ ۲۳ جلدوں میں شائع ہو چکی ہے۔
علی اکبر ہاشمی رفسنجانی:سابق صدر جمہوریہ اسلامی ایران آپ کی تفسیر قرآن ’’راہنما‘‘ ۱۴ جلدوں میں ہے ۱۴۱۴ھ میں شائع ہوئی جدید اسلوب اور نئے لب و لہجہ کی تفسیر ہے۔ مضامین نو، اور عصری تقاضوں کو پیش نظر رکھ کر لکھی گئی ہے۔ خداوند عالم آپ کو سلامت رکھے۔
عبداﷲ جوادی آملی:عارف، سالک، فقیہ اور مفسر عظیم الشان، حوزہ علمیہ قم کے جید اساتذہ میں ہیں۔ آپ کی تفسیر ’’تفسیر موضوعی‘‘ علمی عرفانی اور کلامی نکات پر مشتمل ہے۔ اس کی متعدد جلدیں قم مقدسہ سے شائع ہو چکی ہیں۔ پہلی جلد ۱۴۱۶ھ میں شائع ہو ئی تھی۔ راقم کو حوزہ علمیہ قم میں قیام کے دوران آپ سے اکثر نیاز حاصل ہوتا رہتا تھا۔دوسری تفسیر ’’تفسیر تسنیم‘‘ ہے۔
 محسن قرائتی کاشانی:مبلغ اسلام اور مفسر قرآن آپ کی تفسیر ’’تفسیر نور‘‘ متعدد جلدوں میں ایران سے شائع ہو چکی ہے۔ عصر جدید کی ضرورتوں کو پورا کرنے والی تفسیر ہے۔ نکات کے ذریعہ تفسیر کا خلاصہ بیان کیا ہے نوجوانوںکے لیے بیحد مفید ہے۔ آپ کے دروس قرآن ریڈیو ٹیلی ویژن پر نشر ہوتے رہتے ہیں۔
    بحمداﷲ قرآن مجید کی تفاسیر لکھے جانے کا سلسلہ جاری ہے، ارباب علم و ادب اسرار قرآن کے انکشاف میں مصروف ہیں ہر سال نئی تفسیر منصہ شہود پر آرہی ہے انشاء اﷲ یہ سلسلہ تاقیامت جاری و ساری رہے گا۔

No comments:

Post a Comment